وزیراعظم شہبازشریف ایک بار پھر کورونا کا شکار، جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل

news-details

اسلام آباد: (منگل: 15 نومبر2022ء) وزیراعظم میاں شہباز شریف ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کورونا پازیٹو ہوگئے ہیں، دو روز سے وزیراعظم کی طبیعت ناساز تھی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے میاں شہباز شرف کا آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا، عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ 2 روز سے بیمار تھے۔ وفاقی وزیر کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر ڈاکٹر کے مشورے سے شہباز شریف نے آج بروز منگل 15 نومبر کو کرونا ٹیسٹ کروایا، جو مثبت آیا ہے۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عوام اور کارکنان وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ واضح رہے کہ شہباز شریف اس سے قبل بھی دو مرتبہ کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
پہلی بار گزشتہ سال 2021 جون میں شہباز شریف میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کچھ دنوں بعد صحت یاب ہوگئے تھے۔ دوسری بار رواں سال جنوری میں شہباز شریف دوسری بات کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔
اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی بھی دو بار کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ شہباز شریف کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے دیگر کئی رہنما بھی کرونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔