پاکستان نے دنیا میں امن کے لئے کام کیا اور کرتا رہے گا،، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کر دیا

news-details

کراچی: (منگل: 15 نومبر2022ء) بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا کراچی میں آغاز ہوگیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افتتاح کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال ترقی کی طرف بہت معاون ہے، آئیڈیاز کا انعقاد باہمی ہم آہنگی اور تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، اب اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجزسے نکالنے کے لئے کام کررہی ہے اور اتحادی حکومت بہت سے چیلنجزسے نبرآزما ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لئے کام کیا اور کرتا رہے گا، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیرکا پرامن حل خطے کی بہتری کے لئے اہم ہے۔
نمائش میں 51 ممالک کے 522 مندوبین شرکت کر رہے ہیں، 64ممالک کے 285 وفود نمائش میں شریک ہو رہے ہیں، دنیا بھر سے ڈیفنس انڈسٹری سے وابستہ کمپنیز آئیڈیاز میں شریک ہونگی، چار روزہ دفاعی نمائش18 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش میں آسٹریلیا، رومانیہ اورہنگری پہلی مرتبہ شریک ہونگے، انتہائی اہم سیمینار انٹیلیجنس ان ڈیفنس مارکیٹ کا انعقاد بھی کیا جائےگا، ایکسپوسینٹر کے 6 ہالز کے علاوہ 3 مارکیز بھی قائم کی گئی ہیں، ایک مارکی کشمیرکے نام سے منسوب ہے۔
آئیڈیاز 2022میں اس مرتبہ بھی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان کے زیر قیادت دوست ملکوں کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفود شرکت کریں گے، ڈیپوکے مطابق بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا انعقاد بڑا چیلنج تھا۔
کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل پر نشان پاکستان کے مقام پر 17 نومبر کو کراچی شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا، سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ کورونا وباء کے باعث 2020 میں نمائش کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا، اس سال دفاعی نمائش کا یہ گیارہواں ایڈیشن ہے۔