news-details

فرح خان کے شوہر احسن گجر نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کے الزامات کی تردید کر دی

اسلام آباد: (جمعرات: 17 نومبر2022) فرح خان کے شوہر احسن گجر نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کے الزامات کی تردید کر دی،انہوں نے عمر فاروق سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فرح خان کی عمر فاروق سے کبھی ملاقات ہوئی ہے اور نہ جانتی ہے،فرح خان کا کسی تحائف کے لین دین اور نہ بیچنے سے کوئی تعلق ہے،یہ ایک جھوٹی کہانی ہے۔دبئی کی ہر جیولری شاپ پر سی سی ٹی وی لگے ہوئے ہیں تو کوئی فوٹیج نکالیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے احسن گجر کا کہنا تھا کہ تحائف کس نے فروخت کئے،کیسے فروخت کئے اور اس کے پیسے کہاں گئے،فرح خان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے،جتنا میں خاتون اول کو جانتا ہوں ان کا بھی اس قسم کے کاروبار اور لین دین سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارے ذریعے کسی اور کی کردار کشی کی جا رہی ہے،ہمارا کسی تحائف کے لین دین سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے فرح خان کا شہزاد اکبر سے تعلق کو بھی کہانی قرار دیا اور کہا کہ شہزاد اکبرسے کبھی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی میری اہلیہ کا ان سے کوئی تعلق واسطہ ہے۔انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ فرح سے متعلق کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے کبھی سرکاری کاموں میں مداخلت نہیں کی،ہم کوئی پہلی بار سیاست میں نہیں آئے۔ ایک سوال پر کہ جو شخص الزام لگا رہا ہے اگر وہ ثبوت لے آئے تو ؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ثبوت ثبوت ہوتا ہے اور قابل قبول ہوتا ہے لیکن اگر کوئی ایسے آڈیو بنا بنا کر ثبوت لاتا ہے تو اس کا تو کچھ نہیں کر سکتے،ان کے پاس ثبوت تو تب ہوگا جب فرح خان وہاں خود یا کوئی نمائندہ گیا ہو۔
احسن گجر کا کہنا تھا کہ اگر وہ کہتے ہیں کہ خود آ کر ڈیل کی تو وہ کہاں آئے؟ کیونکہ ہمارے گھر تو وہ نہیں آئے اور نہ ہی تحائف آئے۔ہم نے عمران خان کے پاس کوئی تحائف نہیں دیکھے،ہم نے ہمیشہ ان کے بازو اور الماریاں خالی ہی دیکھی ہیں.