news-details

صدر عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات، اہم سیاسی معاملات پر گفتگو، سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر بات چیت

اسلام آباد: (جمعہ: 18 نومبر2022) ملک میں مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم تقرری کے معاملے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، معیشت اور خزانہ سے متعلق مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو عوام کیلئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور تحریک انصاف کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے پر گفتگو ہوئی، اسحاق ڈار نے موجودہ صورتحال پر پی ڈی ایم حکومت کے موقف سے آگاہ کیا، ملاقات میں آئندہ چند روز میں ہونے والی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم پیغام بھی صدر مملکت کو پہنچایا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیغام دیا کہ صدر مملکت باہمی احترام اور سیاسی اعتدال کے لئے کردار ادا کریں، آئینی و قانونی امور پر ڈیڈلاک نہیں ہونا چاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاسی امور کو بہتر ماحول اور قانونی و آئینی دائرے میں ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت کی جانب سے عمران خان کا مطالبہ اسحاق ڈار کے سامنے رکھا گیا۔