لاہور:)ہفتہ: 19 نومبر2022( پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی اسکواڈ تشکیل دینے کی غرض سے سلیکشن کمیٹی، کپتان اور ہیڈ کوچ کی آن لائن میٹنگ طلب کرلی گئی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دسمبر میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے۔
پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی، دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔ قومی اسکواڈ کی تشکیل کے لیے سلیکشن کمیٹی، کپتان اور ہیڈ کوچ آن لائن میٹنگ کریں گے۔
اجلاس میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور چیف سلیکٹر محمد وسیم اسلام آباد سے جبکہ کپتان بابر اعظم لاہور سے آن لائن شرکت کریں گے۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 21 یا 22 نومبر کو کردیا جائے گا، ہوم سیریز کی وجہ سے قومی ٹیسٹ اسکواڈ 15 ارکان سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
انگلینڈ کے خلاف اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو 24 نومبر سے راولپنڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی اور 25 نومبر سے ٹریننگ کیمپ راولپنڈی میں شروع ہوجائے گا۔