میرا شمار عظیم باؤلرز میں ہوتا ہے مگر پاکستان کی سوشل میڈیا اور نئی نسل مجھے میچ فکسر کہتی ہے: وسیم اکرم

news-details

میلبرن: )پير: 21 نومبر2022( پاکستان کے سابق کپتان اور دنیا بھر میں سوئنگ کے سلطان کے نام سے مشہور وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سوشل میڈیا اور نئی جنریشن اب بھی انہیں میچ فکسر سمجھتی ہے۔
آسٹریلین ٹیلی ویژن پروگرام "وائڈ ورلڈ آف سپورٹس" کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے اپنے پورے کیریئر میں خود پر لگائے گئے میچ فکسنگ کے الزامات کے بارے میں بات کی۔ سابق کپتان نے اعتراف کیا کہ ان پر لگے الزامات نے ہی انہیں اپنی سوانح عمری، "سلطان اے میموئر" لکھنے کی طرف راغب کیا۔
وسیم اکرم نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ "آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بھارت میں میرا نام ورلڈ الیون میں اب تک کے عظیم ترین گیند بازوں میں شمار کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں سوشل میڈیا کی یہ نسل مجھے میچ فکسر کہتی ہے"۔
سابق کرکٹر نے کہا "سوشل میڈیا پر لوگ اب بھی کمنٹس کرتے ہیں اور کہتے ہیں اوہ یہ تو میچ فکسر ہے، مجھے نہیں معلوم ایسا کیوں کیا جاتا ہے، اپنی زندگی میں ایسا دور گزارا ہے جب مجھے لوگوں کی فکر ہوا کرتی تھی کہ وہ کیا کہیں گے".
وسیم اکرم سے متعلق 1996 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ فکس کرنے کی کوشش اور 1996 کے ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔ وسیم اکرم ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 104 وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے 356 ون ڈے میچز میں 502 وکٹیں حاصل کیں.