news-details

نیویارک میں شدید برف باری سے معمولات زندگی مفلوج ، امریکی محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

نیو یارک: (پير: 21 نومبر2022ء) امریکی ریاست نیویارک میں چھے اعشاریہ پانچ فٹ برفباری کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، گورنر نے 11 کاؤنٹیوں میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی درخواست کر دی۔
امریکی ریاست نیویارک میں 6.5 فٹ برفباری نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، برفانی طوفان کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی اور درخت گرنے کے واقعات سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچا، ایری کاؤنٹی میں راستوں سے برف ہٹانے کے دوران دو افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق مشی گن سے نیویارک تک کی پانچ عظیم جھیلوں کی ریاستوں میں برف باری کی وجہ سے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور عوام کو جھیل کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مسلسل برفباری کے باعث سڑکیں اورگلیوں میں برف کی تہہ جمنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ متعدد پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔ برفباری سے بجلی اور مواصلات کا نظام متاثرہونے سے متعدد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ حکام نے لوگوں کو بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔