news-details

کار سرکار میں مداخلت کا کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 28 نومبر تک توسیع، طبی رپورٹ طلب

اسلام آباد: (پير: 21 نومبر2022ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ان کی طبی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے پر کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی.
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے رائے تجمل حسین لاٹی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ گولیاں لگنے کے باعث عمران خان شدید بیمار ہیں، اس لیے پیش نہیں ہو سکے.
عدالت نے عمران خان کی طبی بنیادوں پر آج کی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی عبوری ضمانت میں 28 نومبر تک توسیع کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کی مکمل میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی.