news-details

آرمی چیف کی تقرری کا عمل 25 نومبر تک مکمل ہوجائے گا:خواجہ آصف

اسلام آباد: (پير: 21 نومبر2022ء) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے طریقہ کار کا آغاز ہوگیا ہے، 25 نومبر تک عمل مکمل ہوجائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، اور ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے بتایا کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے طریقہ کار کا آغاز ہوگیا ہے، فی الحال اس وقت تک اس معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سمری وزارت دفاع سے آئندہ ایک دو روز میں بھجوا دی جائے گی، سمری میں جو 5 یا 6 نام ہوں گےتو ڈوزئیربھی انکےساتھ ہی آئیں گے، 25 نومبر تک آرمی چیف کی تقرری کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق کوئی پریشر نہیں ہے، اور نہ ہی اس عمل پر کوئی ڈیڈلاک ہے، اتحادیوں کے ساتھ تبادلہ خیال ہر سطح پر ہورہا ہے، پاک فوج کی لیڈرشپ کو ناموں پر اعتماد لے کر فیصلہ ہوگا۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سمری آئے گی تو ناموں پر بحث ہوگی، سینئر ترین 5 یا 6 افسران کے نام آجائیں گے، انہی میں سے نام فائنل ہو جائے گا، میڈیا جو اس وقت چلا رہا ہے وہ درست نہیں ہے.