news-details

آرمی چیف کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات لیک ہونے پر وزیرخزانہ کا نوٹس، فوری تحقیقات کا حکم

اسلام آباد: (پير: 21 نومبر2022ء) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات لیک ہونے کا نوٹس لے لیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات غیر قانونی اور غیرضروری لیک ہونے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس معلومات کی مکمل رازداری کی مکمل خلاف ورزی ہے، نامعلوم عہدیداروں کی جانب سے سنگین کوتاہی کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ایف بی آر کو معاملے کی فوری طور پر تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیرخزانہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق پاشا کو فوری تحقیقات کی ہدایت کردی ہے، اور کہا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کریں۔ وزیرخزانہ نے ٹیکس قوانین اور ایف بی آر ڈیٹا کی خلاف ورزی کی تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ویب سائیٹ پر آرمی چیف کے اہل خانہ کے اثاثوں کے حوالے سے رپورٹ شائع ہوئی تھی۔