news-details

عمران خان کو پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ سروسز نہیں دے سکتے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (بدھ : 23 نومبر2022) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو اترنے کی اجازت دینے سے متعلق کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو ہیلی پیڈ سروسز نہیں دے سکتے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جلسے کے لیے اسلام آباد سے گزرنے اور پریڈ گراؤنڈ میں سابق وزیراعظم عمران خان کو ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے دوران سماعت کہا ہے کہ 26 نومبر کے لیے پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کی کال دی ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کی استدعا ہے میں ان کو وہ ہدایات دوں جو میں نہیں دے سکتا، یہ انتظامیہ کا کام ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ جو درخواست آپ نے انتظامیہ کو دی وہ مسترد تو نہیں ہوئی ابھی؟ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے اس سے قبل روات میں بھی ریلی کی درخواست دی تھی۔
تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد آئیں گے اس کی بھی اجازت مانگی ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ ہائیکورٹ اس میں کیا کر سکتی ہے؟ ہیلی پیڈ سروسز ہائیکورٹ تو نہیں دے سکتی۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ انتظامیہ کو ہدایت دے دیں کہ وہ قانون کے مطابق ہماری درخواست پر فیصلہ کریں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ وہ تو انہوں نے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے، میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں.