news-details

ٹک ٹاک اور فیس بک چند ہفتوں میں اسلام آباد میں دفتر قائم کرے گا: امین الحق

اسلام آباد: (بدھ : 23 نومبر2022) وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے ٹک ٹاک اور فیس بک پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کریں گے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کے ساتھ بات چیت مکمل ہوگئی ہے، اور ٹک ٹاک چند ہفتوں میں اسلام آباد میں دفترقائم کرے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ فیس بک بھی پاکستان میں دفتر قائم کرے گا۔ تقریب سے خطاب رکتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں 55 فیصد لوگ موبائل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، پاکستان میں 57 فیصد لوگ موبائل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جی ایس ایم کے اقدام سے صارفین قسطوں پر مناسب نرخوں پر اسمارٹ فون حاصل کرسکیں گے، جی ایس ایم اے رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں 50 فیصد لوگ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نیٹ ورکس پر 6 کروڑ براڈ بینڈ سب سکرائبرز کا اضافہ ہوا ہے، 2018 سے اب تک براڈ بینڈ سب سکرائبرز پانچ کروڑ سے بڑھ کر دس کروڑ ہو گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی اے کا ڈربس سسٹم گیم چینجر ثابت ہوا ہے، اس نظام سے چوری شدہ اور ڈپلیکیٹ آئی ایم ای آئی والے فون بند ہوئے، اس نظام نے موبائل مینوفیکچررز کو برابری کے مواقع فراہم کیے، اور ڈیرھ سال میں 17.9 ملین موبائل فون مقامی طور پر تیار ہوئے، 2020 میں پاکستان نے 24 ملین موبائل فونز درآمد کیے، جب کہ 2021 میں اس نظام کے بعد موبائل فونز کی امپورٹ کم ہوکر 10 ملین رہ گئی ہے۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایپل اور ہواوے کے علاوہ تمام کمپنیوں نے پاکستان میں موبائل بنانا شروع کردیئے ہیں.