وزیراعظم شہباز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات، ملکی سکیورٹی امور پر بریفنگ

news-details

اسلام آباد : (جمعرات: 24نومبر2022) وزیراعظم شہباز شریف سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کی ملاقات ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے وزیراعظم آفس میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کو موجودہ امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ملاقات میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم تعیناتوں کے حوالے سے سمری صدر مملکت کو بھیج چکے ہیں۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ پاک فوج کے نامزد سربراہ جنرل عاصم منیر بہترین پیشہ وارانہ کیریئر کے حامل ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن ہیں اور انہیں دوران تربیت اعزازی شمشیر سے بھی نوازا گیا۔فور اسٹار جنرلز کی تعیناتی کی سنیارٹی لسٹ میں جنرل عاصم منیر پہلے نمبر پر تھے۔ لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈر کی،آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ رہے.