نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی

news-details

اسلام آباد: (منگل: 29 نومبر2022) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنےکی منظوری دے دی۔ نیپرا کی جانب سے ڈسکوز کی درخواست پر سماعت کےبعد بجلی سستی کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسکوز نے بجلی 25 پیسے سستی کرنے کی درخواست دی تھی۔ فیصلے کا اطلاق ماہ اکتوبر کے لیے ہو گا۔
نیپرا کے مطابق بجلی نرخ میں کمی فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ فیصلہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد جاری کیا جائے گا۔ فیصلے کے مطابق لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کے الیکڑک صارفین بھی اس سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
اس سے قبل ستمبر کو ایف سی اے صارفین سے 08 پیسے فی یونٹ اضافے سے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا، اکتوبر کا ایف سی اے ستمبر کی نسبت 40پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کیا جائے گا اور اس کا اطلاق بھی صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا۔