پنڈی ٹیسٹ؛ اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کا پاکستان کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ

news-details

راولپنڈی: (ہفتہ: 03 دسمبر2022ء) راولپنڈی میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بیٹنگ ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ایک نیا ریکارڈ بنالیا۔
پاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کردی۔ عبداللہ شفیق اور امام الحق نے 225 رنز کی اوپننگ شراکت بنائی۔
راولپنڈی میں انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق 114 اور امام الحق 121 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل 1984 میں محسن حسن اور شعیب محمد نے انگلینڈ کے خلاف 173 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا تھا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 225رنز پر گر گئی۔ وِل جیکس نے عبداللہ شفیق کو 114رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔ دوسری وکٹ 245رنز پر گری۔ امام الحق 121 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر رابنسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ 290رنز پر گر گئی۔ اظہر علی 27رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 298رنز بنالیے۔ پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 359رنز درکار ہیں۔