وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز پاکستان واپس پہنچ گئے

news-details

اسلام آباد : (اتوار: 11دسمبر2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز پاکستان واپس پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سلیمان شہباز سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 726 سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے، سلیمان شہباز 13 دسمبر کو عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے۔
سلیمان شہباز غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 726 کے ذریعے لندن سے براستہ سعودی عرب رات ڈیڑھ بجے کے قریب اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے۔ سلیمان شہباز اسلام آباد پہنچنے کے بعد نجی طیارے کے ذریعے لاہور کیلئے روانہ ہو گئے۔ خیال رہے کہ سلیمان شہباز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے 13 دسمبر تک حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔
یاد رہے کہ سلیمان شہباز نے پاکستان پہنچنے پر اپنے خلاف قائم مقدمات میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لیے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) کو ہدایت کی تھی انھیں پاکستان آمد پر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کو عدالت کے سامنے 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔