منی لانڈرنگ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلیمان شہباز کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی

news-details

اسلام آباد: (منگل: 13 دسمبر2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے سلیمان شہباز کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ 2018 میں بیرون ملک گیا اور 2020 میں مقدمہ بنایا گیا اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا، عدالت نے اشتہاری قرار دینےکی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکوں۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ سپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سلیمان شہباز کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور سلیمان شہباز کو 14 روز میں لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان شہباز نے کہا کہ ن لیگ کی ساری قیادت جیل میں قید رہی، ابھی تک سیاست ہمارے ساتھ ہوئی ہے اب ہم کریں گے، کے پی گورنمنٹ کرپشن کی داستان ہے، 2008 سے کے پی میں جو ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی، ان سب کا جواب دینا پڑے گا، عمران نیازی بلیک میلنگ کر کے بھی کچھ نہیں کرسکا، ان لوگوں کو عبرتناک سزائیں ملنی چاہئیں، پی ٹی آئی ایک فاشسٹ پارٹی ہے، اس نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کیں، آج کل شہزاد اکبر صاحب پاکستان سے باہر ایک محل میں برتن دھو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم واپس آئے ہیں ہم سمجھتے ہیں پاکستان میں اب فیئر انوائرمنٹ ہے، ہم اپنے کیسز کا مکمل دفاع کریں گے، عمران خان قوم سے جھوٹ بولتا رہا کہ میں نے قرضے لیے ہیں، اس نے اپنے 4 سالہ دور میں 25 ہزار ارب کا قرضہ لیا، وہ پیسہ کہاں گیا؟ یہ گھڑیاں چوری کرتا رہا وہ پاکستان کی امانت تھیں، میں اس کو چیلنج کرتا ہوں یہ گھڑی بیچنے، پیسے لانے کی رسید قوم کو پیش کرے، دکھائے وہ کرپشن کیسے ہوئی۔
سلیمان شہباز نے مزید کہا کہ یہ گھٹیا چور ہے، گھڑی چوری کی ٹرانزیکشن کا حساب دے، ہم تو کہتے تھے کہ ویسٹ اور ایسٹ پاکستان کا دوست ہے، ہم تو سب کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں، اس نے امریکن سازش کا ڈھونگ اور ڈرامہ کیا، اب کہتا ہے غلطی ہو گئی، غلطی نہیں ہوئی یہ ڈرامے باز شخص ہے، سائفر کے اوپر اس کی ڈرامے بازی ساری قوم کے سامنے عیاں ہوگئی۔ وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ میں جو کچھ کر کے گیا اس کے اب حساب کا وقت آگیا ہے، ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، یہ عدالتوں میں آئے اور اپنے مقدمات کا سامنا کرے، قوم دیکھ رہی ہے کب اس کے خلاف کیسز کا نتیجہ نکلے گا، کب اس کو سزا ملے گی، جب تک اس کو سزا نہیں ملے گی ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔