وزیراعلی پنجاب کے پاس 186 ممبرز موجود ہیں تو وہ اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے: مراد علی شاہ

news-details

کراچی : (جمعہ: 23 دسمبر2022ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان لے آئے اور معاملہ ختم کرے۔ کراچی میں ریسکیو1122کے ہیڈ کوارٹرز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے پاس 186 ممبرز موجود ہیں تو وہ اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے، پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں اور اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کردیں۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ پنجاب کی سیاسی صورتحال کا معاملہ عدالت پہنچ رہا ہے جہاں نہیں پہنچنا چاہیے، یہ معاملہ اسمبلی میں حل کرنا چاہئے، پی ٹی آئی 186 ارکان لے آئے اور معاملہ ختم کرے، بلاوجہ وکیل کررہے ہیں اور معاملہ عدالت لے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پنجاب کی صورتحال پر میڈیا اپنا وقت ضائع نہ کرے، آئینی طور پر گورنر کو اختیار ہے کہ عدم اعتماد تحریک کیلئے اسمبلی بلا سکتا ہے۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے اضافے پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں لوٹ مار کے کچھ واقعات بڑھے، امن وامان کی صورتحال پر کل بھی میٹنگ کی تھی، یونیورسٹی روڈ پر نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم پہلے بھی پکڑا جا چکا ہے، پروسیکیوشن کو کہا ہے ملزمان کو سخت سزائیں دلانے کیلئے کام کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سروس شروع کرنے کا فیصلہ 3 سال قبل ہوا تھا، اس میں فائربریگیڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے، اور اس کا ہیڈ کوارٹرز اس وقت آپریشنل ہے، 230 ایمبولنس، فائربریگیڈ اور واٹر باؤذر ریسکیو 1122 سینٹر کے ماتحت ہیں.