بلوچستان کی سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا: محکمہ موسمیات

news-details

کراچی: (ہفتہ: 24 دسمبر2022ء) بلوچستان کی سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا ہے، جس کے بعد کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں مکمل بند ہیں، اور آج صبح کم سے کم پارہ10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں دن کے اوقات میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کوئٹہ اورزیارت میں درجہ حرارت منفی5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی میں درجہ حرارت 4 جبکہ جیونی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ، گوادر میں درجہ حرارت 11، سبی میں 5 ڈگری اور تربت میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.