وزیر داخلہ کی سربراہی میں اہم اجلاس ،ن لیگ کی ممبران اسمبلی کو لاہور میں رہنے کی ہدایت

news-details

لاہور: (بدھ: 04جنوری2023ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے تمام ممبران اسمبلی کو لاہور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں کسی وقت بھی ایسی صورت بن سکتی ہے کہ تمام ممبران اسمبلی کی ضرورت پڑے، انہوں نے تمام ممبران اسمبلی کے تحفظات سن کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کو دیکھتے ہوئے بڑے فیصلے کر رہی ہے، مریم نواز شریف کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے کے بعد پارٹی مزید متحرک ہو گی، نوازشریف کی قیادت میں شہباز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں، ن لیگ کے اندر تحفظات ہوتے ہیں لیکن گروپنگ کسی قسم کی نہیں۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف جلد پاکستان آئیں گے، عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن قدم نہیں اٹھاتے، بس بڑھکیں مارتے ہیں، اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی، وقت پر الیکشن ہوں گے، ہمیں اپنے اپنے حلقوں میں مزید متحرک ہونا ہے، پی ٹی آئی حکومت خزانہ خالی اور انتہائی برے حالات کر کے گئی، اب ملک کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔