لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف ہر قسم کی کارروائی سے روک دیا

news-details

لاہور: (جمعرات: 05 جنوری2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ نے دوسری بار الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی سے روک دیا ہے اور کمیشن کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، عمران خان نے درخواست میں الیکشن کمیشن کی اپنے خلاف کارروائی کو چیلنج کیا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کر رہا ہے۔