کھٹمنڈو: (اتوار: 15جنوری2023ء) نیپال میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس میں اب تک 45 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں ۔ نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر کم از کم 45 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
بین القوامی خبر ایجنسی کے مطابق نیپال کی نجی فضائی کمپنی یئٹی ایئر کا طیارہ ملک کے وسط میں واقع شہر پوکھارا کے نئے اور پرانے ہوائی اڈوں کے درمیان گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ ایئر لائن کے ترجمان سدرشن برتوالا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔
مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکار گرودت دھکل نے کہا ہے کہ حادثے کے وقت ملبے میں آگ لگی ہوئی تھی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ جائے حادثہ سے 45 لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام نیپالی طیاروں کے اپنی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی لگارکھی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا ، جائے حادثہ سے چند لاشیں بھی ملی ہیں ، جہاز کے گرنے کے بعد ملبے کو آگ لگ گئی تھی جسے بجھایا جا رہا ہے۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں ، دوسری جانب نیپال کے وزیراعظم نے واقعے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ۔
واضح رہے کہ نیپال میں ہوائی جہاز کے حادثے بہت عام ہیں نہ صرف اندرون ملک پروازیں گرکر تباہ ہو جاتی ہیں بلکہ غیر ملکی پروازیں بھی سینکڑوں افراد کی جان لے لیتی ہیں ، نیپال میں اس طرح کے تقریباً 30 خطرناک حادثے ہو چکے ہیں ۔