محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی

news-details

اسلام آباد: (منگل: 17 جنوری2023ء) محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں 18 جنوری کو داخل ہو رہی ہیں، 19 جنوری کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے، کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
قلعہ عبداللہ،مسلم باغ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، نیا سلسلہ 21 جنوری کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان میں بارش اوربرفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا خدشہ ہے، بارش فصلوں اور باغات کے لئے فائدہ مند رہے گی، بارش کے دوران اور بعد میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں 21 اور 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر داخل ہوگی جو کہ خشک موسم کا سبب بنے گی، نئی لہر کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ یہ مغربی سلسلہ 18 جنوری کی رات سے بلوچستان میں داخل ہوگا اور اس کے زیر اثر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، شکارپور، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز میں 19 اور 20 جنوری کو بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی حالیہ لہر 24 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے جبکہ کل سے سردی کی شدت میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی۔