جماعت اسلامی کو توقع سے زیادہ سیٹیں ملی ہیں،ٹی وی پر بیٹھ کر میئر مانگنے سے نہیں ملےگا:سعید غنی

news-details

کراچی: (بدھ: 18 جنوری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کو ٹی وی پر بیٹھ کر میئر مانگنے سے نہیں ملےگا ہم بیٹھ کربات چیت سے مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ رات حافظ نعیم نے کہا کہ سعیدغنی نے ری کاؤنٹنگ کرکے اپنے بھائی کو جتوایا، انہوں نے غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے، پی ٹی آئی سمیت دیگر لوگوں نے بھی دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی ہیں، سیاسی جماعتوں کو جن نشستوں پر اعتراض ہے ان کو قانون کے مطابق آگے بڑھاسکتے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر دہرا معیار نہیں ہوناچاہیے، کل جماعت اسلامی نے کوشش کی ایک حلقے میں دوبارہ گنتی نہ ہو، سرکاری افسران اور انتخابی عملےکو ہراساں کرنا مناسب نہیں ہے، جہاں دوبارہ گنتی ہوئی پی پی نے طوفان نہیں مچایا.
سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنےعلاقوں سے ہی جیتی جہاں اثرو رسوخ تھا، لیاری سے نشستیں جیتنا حیرت انگیز نتیجہ نہیں ہے، جماعت اسلامی کو توقع سے زیادہ سیٹیں ملی ہیں، ایک جماعت صفر سے 100 پر چلی گئی تو وہ خوش ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی جیت پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سے بات کرنا ہماری ترجیح ہے، کوشش ہے کےایم سی میں میئر کے انتخاب کا معاملہ مل کر طے کریں ۔ ٹی وی پر بیٹھ کر میئر مانگنے سے نہیں ملے گا، ہم بیٹھ کربات چیت سے مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔