راولپنڈی : (بدھ: 18 جنوری2023ء) بلوچستان کے علاقے ہوشاب اور تلسر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہوشاب اور تلسر میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز کو خصوصی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے علاقے میں داخل کیا گیا جبکہ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو ختم کرنا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 30 نومبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ کارروائی میں 12 سے 14 دہشت گردوں کے ٹھکانے کی شناخت ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز پوزیشنز سنبھالنے کے عمل میں تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب رہے تھے۔