منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو بےگناہ قرار دے دیا

news-details

لاہور: (جمعرات:26 جنوری2023ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان لاہور کی اسپشل سینٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کا ضمنی چالان جمع کرادیا ہے۔
ضمنی چالان میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو ملزمان کی فہرست سے نکال دیا۔ ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے مطابق ایف آئی نے رقوم جمع کرانے والے افراد کے بیانات ریکارڈ کیے،کسی نے بھی الزام عائد نہیں کیا کہ رقوم کے عوض کوئی کک بیکس یا کمیشن دیا گیا ہو۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے سلیمان شہباز کبھی عوامی نمائندہ یا پبلک آفس ہولڈر نہیں رہے، تفتیش کے دوران یہ ثابت نہیں ہوا کہ سیلمان شہباز کسی عوامی نمائندے کے بے نامی دار رہے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سیلمان شہباز پر پیکا ایکٹ کے سیکشن 5 کی شق 2 کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، ان پر منی لانڈرنگ اور اکاؤنٹس میں غیر قانونی ٹرانزیکشن کے الزامات کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ اس لئے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو چالان نہیں کیا جا رہا۔