مریم نواز ابوظہبی سے پاکستان کیلئے روانہ، لاہور میں شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل

news-details

لاہور : (ہفتہ :28 جنوری2023ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز ابوظہبی سے پاکستان کیلئے روانہ ہو چکی ہیں، پارٹی نے ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ساڑھے 3 ماہ لندن میں قیام کے بعد ن لیگ کی سینئر نائب صدر آج سہ پہر تین بجے دبئی سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) کی پرواز 264 پر لاہور پہنچیں گی، دبئی سے وطن واپسی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہونگی۔
ن لیگی رہنماء اور کارکنان علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مریم نواز کا استقبال کریں گے جس کے بعد وہ کنٹینر پر بیٹھ کر ایئر پورٹ کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گی پھر جاتی امراء روانہ ہو جائیں گی جبکہ اس موقع پر کوئی ریلی منعقد نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ( ن ) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز کے استقبال کے لئے لاکھوں کی تعداد میں کارکن پہنچیں گے جبکہ لیگی رہنماء خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا استقبال نواز شریف کی وطن واپسی کی ریہرسل ہو گی۔ یاد رہے کہ مریم نواز جمعرات کو لندن سے روانہ ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک روز دبئی میں قیام کیا۔