فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا گیا

news-details

اسلام آباد: (پير:30 جنوری2023ء) عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی پولیس کی استدعا مسترد کرکے جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت کی۔ فواد چوہدری کو پیش کیا گیا۔ پولیس نے فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کردی۔
ڈی ایس پی لیگل نے کہا کہ فواد چوہدری کا فوٹو گرائیمٹری ٹیسٹ کرا لیا ہے ، فواد چوہدری کا میڈیکل ابھی کرانا ہے۔ عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھولنے کی استدعا کی، عدالت کے حکم پر فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔ بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے۔ قبل ازیں عدالت نے فواد چوہدری کو کیس کی سماعت کے لیے ساڑھے 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو فواد چوہدری کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔