پنجاب کی نگران حکومت نے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مفت ادویات دینے کا فیصلہ کرليا

news-details

لاہور: (بدھ 01 فروری 2023ء) پنجاب کی نگران حکومت نے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مفت ادویات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں مفت ادویات دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات کی مدد سے سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات ملیں گی۔ نگران وزیرصحت کا کہنا تھا کہ مفت ادویات دینے کے سلسلے کا آغاز فیصل آباد کے اسپتالوں سے ہوگا، اور لاہور سمیت پنجاب کے دیگرٹیچنگ اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں جلد مفت ادویات ملیں گی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ مفت ادویات والے میڈیکل سٹورز کا نام ”آپ کی فارمیسی“ہوگا، مخیر حضرات سےاو پی ڈیز میں مفت ادویات شروع کرنے میں مدد کی اپیل ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو پیپر لیس کرنے کیلئے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“ کے نفاذ کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“ کے حوالے سے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی، اور بتایا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کے 15بڑے اسپتالوں میں ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“ نافذ کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی، گائنی، آؤٹ ڈور اور فارمیسی ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“ سے منسلک ہوگی، ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“ میں مربوط نظام کے تحت مریضوں کا ڈیٹا ہر سرکاری اسپتال میں میسرہوگا، مریض کی آمد،علاج کے آغاز، ٹیسٹ،پروسیجر اور دیگر تفصیلات ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم“پر موجود ہوں گی۔