ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی اپیل مسترد، الیکشن کمیشن فیکٹ فائنڈنگ درست قرار

news-details

اسلام آباد: (جمعرات 02 فروری 2023ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ درست قرار دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس برقرار رہے گا۔
عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ درست قرار دے دی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا عمل بھی درست قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ چیلنج کر رکھی تھی جس کے خلاف یہ فیصلہ آیا ہے۔