عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدے کیے اس کی پاسداری نہ کریں تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے: مریم نواز

news-details

بہاولپور : (جمعرات 02 فروری 2023ء) چیف آرگنائزر ، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدے کیے اس کی پاسداری نہ کریں تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے۔ بہاولپور میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بہت عزت سے نوازا، شکر گزار ہوں، عوامی رابطہ مہم مسلم لیگ ن کی قوت میں اضافہ کرے گی ، نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے، انہوں نے تیاری بھی شروع کر دی ہے لیکن حتمی تاریخ نہیں بتا سکتی۔
سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کے لیے بیساکھیوں کی ضرورت تھی ، چار سال اقتدار میں رہے تو اسٹیبلشمنٹ کی تعریف کرتے رہے، اقتدار سے باہر آئے تو اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے ، آج کل بڑا انتقام کا شور مچا رہے ہیں، میں اور حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، اگر جرم کیا ہے تو سزا ملنی چاہیے، ناحق کسی کو پکڑنے کے حق میں نہیں ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس گھڑی چور کی حکومت 10سال رہی ، انہوں نے دہشتگردوں کے لئے دروازے کھولے، خیبرپختونخوا کو جو فنڈز ملے وہ وہاں استعمال نہیں ہوئے جہاں استعمال ہونے چاہیے تھے، خیبرپختونخوا میں پولیس نہتی ہے، کمزوری کو ماننا پڑے گا ۔ انہوں نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معیشت پر حملہ اس فتنہ خان نے کیا ہے ، آئی ایم ایف معاہدے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں ، ہم اگر ریلیف دینا چاہیں بھی تو نہیں دے پارہے ہیں ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے استعفی پر سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ ہمارے فیملی ممبر ہیں اور نوازشریف کے دیرینہ ساتھی اور ن لیگ کا حصہ ہیں ان کی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی سرپرستی میں آگے بڑھوں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پارلیمانی سیاست بھی کروں گی،عملی اور تنظیمی سیاست بھی کروں گی۔ مسلم لیگ ن رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن جب بھی ہو گا ہم نے آج سے اپنی تیاری شروع کردی ہے، مسلم لیگ ن میدان میں آچکی ہے اور مسلم لیگ ن الیکشن جیتے گی اور ان فتنوں کو اٹھا کر میدان سے باہر پھینکے گی۔