تحریک انصاف کا میئر کراچی کے انتخاب میں حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا فیصلہ

news-details

لاہور: (ہفتہ:  20مئی2023ء) پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے، منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغواء کرایا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی، اب عجلت میں میئر کا انتخاب کرانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغواء کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتیں کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کیلئے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دی ہے۔