امریکی ریاست مونٹانا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی،پابندی کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا:ریاستی حکام

news-details

واشنگٹن: (ہفتہ:  20مئی2023ء) امریکی ریاست مونٹانا کے گورنر گریک جین فورٹے نے چینی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد مونٹانا امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں اس ویڈیو ایپ کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس قانون کے بعد مونٹانا میں گوگل اور ایپل کے ایپ اسٹورز کے لیے یہ غیر قانونی ہوگا کہ وہ اس کی حدود میں ٹک ٹاک ایپ کی پیش کش کریں۔ پابندی کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔ مونٹانا کے ری پبلکن گورنرگریک جین فورٹے نے کہا کہ یہ بل مونٹانا کے شہریوں کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی نگرانی سے بچانے کی ہماری مشترکہ ترجیح کو مزید آگے بڑھائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ میں کانگریس کی ایک کمیٹی نے ٹک ٹاک کے چیف ایگزیکٹو شاؤ زی چیو سے اس بارے میں سوال جواب کیے تھے کہ آیا چینی حکومت صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتی ہے یا ایپ پر امریکی جو دیکھتے ہیں اس پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ٹک ٹاک کی مالک کمپنی ’بائیٹ ڈانس‘ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بل ٹک ٹاک پر غیرقانونی طور پر پابندی لگا کر مونٹانا کے لوگوں کے حقوق کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ مونٹانا کے اندر اور باہر اپنے صارفین کے حقوق کا دفاع کرے گی۔