news-details

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ اور تدفین آج ہوگی، تیاریاں مکمل

کراچی: (منگل: 07 فروری 2023ء) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ اور تدفین آج کراچی میں ہوگی۔ سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ ایک بج کر 45 منٹ پر پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی جائے گی، فوجی قبرستان میں ان کی قبر تیارکرلی گئی ہے۔
پرویز مشرف کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے شناختی کارڈ ساتھ لانا لازم قرار دیا گیا۔ گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کر خصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا، سابق صدر کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹا بھی کراچی پہنچے۔
واضح رہے کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے تھے، وہ دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ملٹری پولیس کی بھاری نفری کے حصار میں ان کا تابوت کمبائنڈ ملٹری اسپتال ملیر کینٹ لے جایا گیا۔ اگرچہ حکام کی جانب سے ان کی تدفین سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن ایک قریبی ساتھی نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی تدفین مکمل ریاستی اور فوجی پروٹوکول کے ساتھ کی جائے گی۔
سابق حکمران کی جانب سے اکتوبر 2010کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کی تشکیل کے بعد سے مشرف کے ترجمان طاہر حسین نے کہا کہ انہیں پورے فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ کینٹن اسٹورز ڈیپارٹمنٹ ( سی ایس ڈی) سے محتصل آرمی قبرستان کا انتظام رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے سنبھال لیا ہے۔ قبرستان کو جانے والی گلی میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔