امریکی گلوکارہ بیونسے نے کیلیفورنیا میں مہنگا ترین حویلی نما گھر خرید لیا

news-details

کیلیفورنیا: (پیر: 22 مئی 2023ء) امریکی گلوکارہ اور سانگ رائٹر بیونسے اور ان کے شوہر جے زی نے کیلیفورنیا میں مہنگا ترین گھر خرید لیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس شاندار حویلی نما گھر کی قیمت 200 ملین ڈالرز بتائی جا رہی ہے جو پاکستانی روپے کے لحاظ سے تقریباً 57 ارب روپے بنتی ہے۔

غیر ملکی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے علاقے مالیبو میں واقع یہ گھر ریاست میں اب تک فروخت ہونے والی سب سے مہنگی جائیداد ہے۔ 30 ہزار مربع فٹ رقبے پر مشتمل اس گھر کو پرٹزکر انعام یافتہ جاپانی ماہر تعمیرات ٹاڈا اینڈو نے ڈیزائن کیا تھا، اس محل جیسے گھر کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ بحرالکاہل کا شاندار نظارہ پیش کرتا ہے۔

لاس اینجلس ٹائمز کی خبر کے مطابق اس گھر میں ایک بڑا سوئمنگ پول بھی ہے، یہ ایک ایل شکل کی حویلی ہے جس میں بڑے بڑے باغ، ساحل کے نظارے اور پُرآسائش چیزیں شامل ہیں۔ یہاں یہ بات جان کر حیرانی ہوگی کہ اس پوری حویلی میں فرش سے چھت تک شیشے کی دیواریں اور کنکریٹ کے دالان ہیں۔