کوٹ ادو :گھر کے اندر دھماکا، 5 افراد جاں بحق،3 زخمی

news-details

کوٹ ادو: (جمعرات: 01 جون 2023ء)  پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں گھر کے اندر دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ کے ایک گھر میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی، دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس اور امدادی ادارے نے پانچ لاشوں اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے اسپتال منتقل کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق دھماکا گھر میں بنائی ہوئی کباڑ کی دکان میں ہوا، دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، دھماکے کی نوعیت کے لیے سیکیورٹی ایجنسیز موقع پر موجود ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد اقبال، محمد بلال، حسینہ مائی، شانو مائی اور سعدیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلیا۔ آئی جی نے کہا کہ واقعہ کے اصل حقائق سامنے لاتے ہوئے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔