9 مئی واقعات کے ثبوت موجود ہیں،کئی ہفتوں سے اندرونی اور عالمی سازش کی بات چل رہی ہے:جاوید لطیف

news-details

لاہور: (جمعرات: 01 جون 2023ء)  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر ممنوعہ فنڈنگ کیس پایہ تکمیل تک پہنچ جاتا تو شاید 9 مئی کا واقعہ پیش نہ آتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن جاوید لطیف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کن کے کہنے پر ہوئے سب ثبوت موجود ہیں، گزشتہ کئی ہفتوں سے اندرونی اور عالمی سازش کی بات چل رہی ہے، یہ اندرونی سازش بھی تھی اور عالمی بھی، مختلف ممالک سے ملزم کو بچانے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 1993ء کے بعد 6 الیکشنز لڑے، 6 الیکشنز میں سے 3 میں مائنس کرنے کی کوشش کی گئی، کیا نواز شریف اس وقت کسی جماعت کے قائد نہیں تھے؟۔

جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ آج سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کو بھی وقت کے قاضی تحفظ دیتے ہیں، آج 9 اور 10 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ تک رسائی نہیں ہے، نوازشریف نے ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا مگر نواز شریف کو تاحیات نا اہل کردیا گیا۔