جہانگیر ترین سے کوئی تعلق نہیں، فواد چودھری رابطے میں رہتے ہیں: اسد عمر

news-details

اسلام آباد: (پير: 05 جون 2023ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ اسلام آباد کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر اسد عمر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

دوران گفتگو صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ جہانگیر ترین کی پارٹی میں ہوں گے؟ اس پر اسد عمر نے کہا کہ میرا کیا تعلق ہے جہانگیر ترین سے؟ صحافی نے پوچھا کہ کیا جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا؟ جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ نہیں، ابھی جہانگیر ترین نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

سابق جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل سے آئے 7 سے 8 دن ہوئے ہیں، عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں، فواد چودھری مجھ سے وقتاً فوقتاً رابطے میں رہتے ہیں۔ ایک اور صحافی نے اسد عمر سے سوال کیا کہ فیصل واوڈا کس ایجنڈے پر ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ سوال فیصل واوڈا سے پوچھیں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام  آباد نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں اسد عمر کی عبوری ضمانت میں  10 جون تک توسیع کردی۔ عدالت نے کیس کی سماعت اسد عمر کے وکیل بابر اعوان کے ملک سے باہر ہونے اور پراسیکیوٹر کی والدہ کے انتقال کے باعث عدم حاضری کی وجہ سے 10 جون تک ملتوی کردی۔