بغاوت پر اکسانے کا کیس:اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

news-details

اسلام آباد: (منگل: 06 جون 2023ء)  اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جج طاہر عباس نے شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔

شہباز گل کے وکیل مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت وکیل صفائی نے کہا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ نے آرڈر کیا تھا کہ متعلقہ جج استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ سنائیں گے، اس پر جونیئر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ڈیوٹی جج نے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ آج سنانے کا حکم دیا تھا۔

جج طاہر عباس نے کہا کہ بڑی مہربانی آپ کی، جج بغیر سنے آرڈر کیسے کر دے۔ عدالت نے سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کر دیا اور شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی رپورٹ طلب کر لی۔ بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے شہباز گل کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

جج طاہر عباس نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے پاس دو آپشن ہیں، ملزم عدالت کے روبرو پیش ہوجائے تو وارنٹ منسوخ ہوجائیں گے یا آرڈر چیلنج کیا جاتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ گل صاحب کب آ رہے ہیں جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز گل کی اہلیہ کی سرجری ہونی ہے ابھی کنفرم نہیں ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔