لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا، فریقین سے جواب طلب

news-details

لاہور: (منگل:13 جون2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الٰہی کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کرنے کا سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا، عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اپیل منظور کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ عدالت عالیہ نے پرویز الٰہی کی اپیل منظور کرتے ہوئے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کرنے کا سیشن عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا اور فریقین سے جواب طلب کر لئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے قانونی طور پر چودھری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا، انہوں نے جوڈیشل ریمانڈ کے بعد ضمانت کیلئے درخواست دی، محکمہ اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ نہ دینے پر فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کر دیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیشن عدالت نے کسی قانونی جواز کے بغیر جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کیا، دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بے بنیاد ہے، عدالت سیشن عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔