کیف: (بدھ:14جون2023ء) یوکرین کے علاقوں اوڈیسا اور ڈونیسک میں روسی فوج کے میزائل حملوں میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی فوج کے میزائل رہائشی علاقوں میں گرے جس کےنتیجے میں رہائشی عمارت، ریسٹورینٹ اور ریٹیل چین کے گودام سمیت ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
یوکرین کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ روس نے اوڈیسا شہر پر پہلے دو کروز میزائل داغے جنھیں فضا میں ہی تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تاہم رات گئے مزید 4 کروز میزائل سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی فوج کے مطابق روسی فوج کے میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اوڈیسا میں 3 افراد ریٹیل چین کے گودام میں میزائل لگنے سے ہلاک ہوئے اور 7 افراد زخمی ہوئے جب کہ ڈونیسک میں 2 افراد رہائشی عمارت اور ایک ریسٹورینٹ میں ہلاک ہوا۔ روس نے ان حملوں اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔