مالاکنڈ: داماد کی سسرال کے گھر میں گھس کر فائرنگ، 9 افراد قتل

news-details

مالاکنڈ: (بدھ:28 جون 2023ع)  تحصیل بٹ خیلہ کے علاقے بگردرہ خار میں آدھی رات کو گھر کے اندر سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 4 خواتین، 2 بچے اور 3 مرد شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز کی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کردیا۔

لیویز کے مطابق شوہر سے ناراض ہو کر بیوی میکے بیٹھی تھی۔ ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر داماد نے فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق سوات سے ہے، جس نے گھریلو تنازعے پر قتل کی واردات کی۔ اس کی بیوی کچھ روز سے ناراض ہوکر باپ کے گھر بیٹھی تھی۔

جاں بحق افراد میں حسن شاہ، حضرت علی، حضرت بلال ،ضحران ،زحران، رابعہ، رقیہ بی بی، حبیب الحرام زوجہ حسن شاہ شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد خان کے مطابق واقعہ رشتے کے تنازع کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے، ملاکنڈ لیویز نے تفتیش شروع کر دی اور بہت ہی جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ 9 افراد کے قتل کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔