سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ میں ملوث ملزم گرفتار،اگلا ہدف اعتزاز احسن تھے

news-details

لاہور : (بدھ:28 جون 2023ع) سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پیشہ ور شوٹر محسن عرف لمبا کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق دوران تفتیش ملزم محسن نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما زبیرخان نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کی اور زبیر نیازی نے اپنا ایک بندہ نشاندہی کےلیے ساتھ بھجوایا، جس نے لطیف کھوسہ کا گھر دکھایا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل کا کہنا ہے کہ واردات کےلیے 10 لاکھ روپے میں معاوضہ طے ہوا، ملزم ایک لاکھ روپے ایڈوانس وصول کرچکا تھا ، ملزم بھی سیاسی جماعت کا کارکن ہے، جلسے جلوسوں میں زبیرخان نیازی سے تعلق قائم ہوا۔ ملزم کے مطابق اس کے بعد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اعتراز احسن کے گھر پر بھی فائرنگ کرنا تھی ، ملزم کے بیان کی مزید تصدیق کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کا مقصد ملزم اور فائرنگ کروانے والے وکلاء اور حکومت میں تصادم یاتعلق کشیدہ کروانا چاہتے تھے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزم سنگین جرائم، اقدام قتل، بھتہ خوری، رابری اور لوگوں کے گھروں پر فائرنگ کے مقدمات کا سابقہ ریکارڈ یافتہ اور تھانہ ملت پارک کے اقدام قتل کے مقدمہ کا مفرور اشتہاری بھی ہے۔