9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو سزا دینا ضروری ہے،حاضر سروس کا کورٹ مارشل ہوسکتا ہے تو ریٹائرڈ کا بھی ہونا چاہیے، جاوید لطیف

news-details

لاہور: (بدھ:28 جون 2023ع)  مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو سزا دینا ضروری ہے۔اگر ایک ادارہ خود احتسابی اپنے سے شروع کرتا ہے تو یہ اچھا پیغام ہے، تمام اداروں کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا چاہیے، انصاف فراہم کرنے والا ادارے بھی خود احتسابی کے عمل سے گزرے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ حاضر سروس کے ساتھ ساتھ اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے والوں کو گرفتار کر کے سزا نہ ملی تو نو مئی جیسا واقعہ دوبارہ ہو سکتا ہے، اگر حاضر سروس لوگوں کا کورٹ مارشل ہو سکتا ہے تو سابق لوگوں کا بھی ہونا چاہیے، ہمارا ہدف صرف ان لوگوں کو سزا دینا نہیں تھا، ہمارا ہدف وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے پاکستان میں بدامنی اور معاشی بدحالی آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اب پاکستان سے صرف ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر ہے، اداروں میں بیٹھے لوگ بھی مان رہے ہیں کہ نواز شریف کے بغیر پاکستان کا چلنا مشکل ہو رہا ہے، مسلم لیگ ن ایک لمحہ انتخابات آگے نہیں چاہتی۔

جاوید لطیف نے کہا نواز شریف کے آنے سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئی، نواز شریف کا تجربہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکال سکتا ہے، وہ جلد پاکستان آ کر انتخابی اتحاد سے متعلق خود بتائیں گے۔