عید الاضحیٰ کا تیسرا روز: قربانی کے بعد ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری

news-details

لاہور: (ہفتہ: 01 جولائی2023ء) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، عوام سیر وتفریح کیلئے پارکوں کا بھی رخ کرنے لگے۔

ملک بھر میں تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، قربانی سے فارغ ہو جانے والے افراد گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں۔

خواتین تگڑے ناشتے کے بعد اب دوپہر کے کھانے کی تیاری میں مصروف ہیں، آج بھی خوب دعوتیں ہوں گی جس کیلئے گھروں میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمانوں کی بریانی، کباب، تکے، قورمہ ، کڑاہی سے تواضع کی جائے گی۔ دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔

جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن قربانی فریضہ سر انجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور مزیدار کھابوں کے بعد بچوں کے ساتھ بڑے بھی آج سیر و تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔