news-details

آرٹ کی تعلیم کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا دور حاضر کی ضرورت ہے: وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابيلا بھٹو

جامشورو:(جمعرات: 16 مارچ 2023 ء) شہید ﷲ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ ڈزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو، اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈزائن اینڈ ہیریٹیجز سکھر اور انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر کراچی نے آرٹ، ڈزائن اور ہیریٹیجز کی تعلیم کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے.
اس سلسلے میں کراچی کے انڈس ویلی اسکول میں تینوں اداروں کے سربراہان کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی جس ڈاکٹر ارابيلا بھٹو، ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، فائزہ مشتاق، آرکیٹکٹ ھمیر سومرو اور دیگر نے شرکت کی. اس موقعے پر تینوں سربراہان کو انڈس ویلی اسکول کے مختلف شعبہ جات، اسٹوڈیوز، کلاس رومز اور دستیاب دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہی دی گئی اور دورہ کرایا گیا. تینوں سربراہان نے آرٹ، ڈزائن اور ہیریٹیج کی تعلیم کے فروغ، طلبہ و اساتذہ کا تبادلہ، تحقیق کے فروغ، ورکشاپس اور مشترکہ نمائش منعقد کرانے پر بات چیت کی.
شہید ﷲ بخش سومرو آرٹ یونیورسٹی جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابيلا بھٹو نے اپنے دورے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرٹ کی تعلیم کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا دور حاضر کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ سب مل کر تعلیمی اور عملی میدان میں ممکنہ مقاصد حاصل کرینگے.