عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن کو ہر حال میں مکمل کیا جائے: محسن نقوی کا حکم

news-details

لاہور: (ہفتہ: 01 جولائی2023ء)  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری رکھنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عید کے پہلے اور دوسرے روز لاہور سمیت دیگر شہروں میں صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سالڈ ویسٹ کمپنیوں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور سٹاف کو شاباش دی، نگران وزیر اعلی نے عید کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت ہے۔

محسن نقوی نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ عید صفائی آپریشن کو آج شام تک ہر حال میں مکمل کیا جائے، زیرو ویسٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آلائشوں کی ڈسپوزل کا کام جلد مکمل کیا جائے، صفائی انتظامات کے بارے شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں گلیوں،محلوں اور بازاروں کی صفائی ستھرائی کی ذمہ داری پوری کریں، انتظامی افسران اور متعلقہ اداروں کے حکام دفاتر سے باہر نکل کر صفائی آپریشن کی نگرانی جاری رکھیں، بارش کی صورت میں واسا کے افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے۔