عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش

news-details

لاہور: (ہفتہ: 01 جولائی2023ء) عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جس نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

فیصل آباد، گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، بورے والا، رینالہ خورد، بہاولنگر، قبولہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ پینسٹھ ملی میٹربارش اسلام آباد میں ریکارڈ کی گئی راولپنڈی میں چؤن ،چکلالہ میں اڑتالیس ،جوہرآباد تیس، سرگودھا میں بیس ،لاہور میں چھ اور مری میں پانچ ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ سب سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں چھیالیس اور سبی میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔