بلوچستان: ضلع شیرانی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید

news-details

شیرانی:(اتوار: 02 جولائي2023ء) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا،

حملے میں 3 پولیس اہلکار سمیت ایک ایف سی اہلکار شہید ہوئے، سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے شیرانی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں، قوم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات        کا اظہار بھی کیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت بابریوسفزئی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد بزدلانہ حملے سے امن وامان خراب کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردوں کوکسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ سیکیورٹی فورسز کي قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں سول لائن پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ ہوا ہے۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔