لاہور: (اتوار: 19مارچ 2023 ء)ماہ صیام سے پہلے ہی ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق ہفتہ وار شرح مہنگائی 45.64 فیصدکی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی اوسط قیمت 9 روپے اضافے کیساتھ 58 روپے رہی البتہ راولپنڈی اسلام آباد میں 110 روپے تک بھی فروخت ہوتے رہے۔20 کلو آٹے کا تھیلا 43 روپے مہنگا ہو کر 1877 روپے کا ہوگیا، کراچی میں دکاندار 3 ہزار 100 روپے تک بھی بیچتے رہے۔
ادارہ شماریات کے ڈھائی کلو گرام گھی کا ڈبہ 18 روپے اضافے کیساتھ 1568 روپے کی اوسط قیمت تک جا پہنچا۔ چینی 2 روپے 78 پیسے فی کلو گرام مہنگی ہوئی۔ اوسط قیمت تو 105 روپے 77 پیسے رہی لیکن اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 110 روپے تک بھی فروخت کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے ہفتے فی کلو گرام آلو 2 روپے 26 پیسے اضافے کے بعد 52 روپے تک جا پہنچے البتہ پیاز کے نرخ میں 25 روپے فی کلو کمی آئی اور قیمت 132 ریکارڈ کی گئی۔ زندہ برائلر مرغی ساڑھے 26 روپے سستی ہو کر 404 روپے میں فروخت ہوتی رہی، ایل پی جی کے گھریلو سیلنڈر کی قیمت 66 روپے گر کر 3379 روپے پر آگئی۔